مکرمی ! دین اسلام نے عورت کو بحیثیت ماں، بیوی، بہن اور بیٹی مثالی حقوق دیے ہیں۔ معاشرے میں عزت دی، احترام عطا کیا جو یقینا دین اسلام کا طرہ امتیاز ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ آج بھی عورت ناانصافی، حق تلفی اور ظلم و زیادتی کا نشانہ بنتی نظر آتی ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر خواتین کے حقوق کی بات ضرور ہونی چاہیے۔ ان پر ہونے والے ظلم و ستم ،وراثت سے شرعی ححقوق سے محرومی اورکم عمری میں یا رضامندی کے خلاف ہونے والی شادی پر بات ہونی چاہیے۔سب سے اہم چیز عورتوں میں تعلیم کے فروغ پر بھی بات ہونی چاہیے اور ایسے دیگر بے شمار بنیادی مسائل پر بھی جن سے آج کل کی خواتین دوچار ہیں لیکن حقوق کا نام لے کر اگر مذہب مخالف نعرے لگاتے ہوئے اور متنازع پلے کارڈز اٹھا کر مغربی ممالک اور اداروں کے ایما پر پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملے کیے جائیں گے تو یہ کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں۔ ایسے کسی بھی اجتماع کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے جس میں شرکاء ملک کی نظریاتی اساس پر رکیک حملے کرنے کو آزادیِ اظہار قرار دیتے ہوں اور ایسے ہر بیرونی ایجنڈے کا مقصد معاشرے کو بے راہ روی کا شکار کرنے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ (منورصدیقی ،لاہور)