اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، آن لائن) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے پر مکمل عمل کیا جائے ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ ہے کہ ہم سب نے مل کر کرونا کو ختم کرنا ہے ۔ سابق صدر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم صوبے کے عوام کے تحفظ کے لئے موثر اور بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ، آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے نوجوان ڈاکٹر اسامہ ریاض کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرونا وائرس کی مزاحمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ دریں اثناپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا لاک ڈائون کے دوران عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اگر آپ 14 دن کیلئے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے تو ساری محنت ضائع ہو جا ئیگی۔ایک ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ لاک ڈا ئون کے دوران بہت سے لوگ پریشان ہوں گے کہ وہ کیسے گزارہ کریں گے ؟ لاک ڈائون کے دوران راشن کی ضرورت ہے تو سندھ حکومت کوشش کرے گی کہ آپ کو راشن پہنچائے ۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ غریبوں کا خیال رکھیں۔