لاہور،اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ،سپیشل رپورٹر)مشکل گھڑی میں عوام کی امداد کیلئے وزیراعظم عمران خان خود میدان میں آگئے اور آج 92 نیوز کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی لائیو ٹیلی تھون ٹرانسمیشن کا حصہ ہونگے ۔ آئیے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دیجیے ، کورونا لاک ڈاؤن کے متاثرین کی امداد کیجیے ۔ملکی تاریخ کی سب سے بڑی لائیو ٹیلی تھون میں ہر درد دل رکھنے والا پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے ۔ 92 نیوز کی ٹرانسمیشن میں ملک کے نامور تجزیہ کار بھی موجود ہوں گے ۔92 نیوز اور اس ملک کے ہرغریب کا رشتہ ایسا رشتہ ہے جو وقت کیساتھ گہرا اور مضبوط ہوتا جا رہا ہے ۔ 92 نیوز اسی عزم پر کاربند رہتے ہوئے آج وزیراعظم ریلیف فنڈ میں امداد اکٹھی کرنے کیلئے پاکستان کی سب سے بڑی لائیو ٹیلی تھون کرنے جا رہا ہے ۔ اس مشکل گھڑی میں خود وزیراعظم عمران خان میدان میں آرہے ہیں اور 92نیوز کے پلیٹ فارم سے پوری دنیا کے پاکستانیوں سے غریب عوام کی مدد کی اپیل کرینگے ۔ 92 نیوز کی یہ خصوصی نشریات پاکستان، امریکہ، برطانیہ ،کینیڈا ، سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں دیکھی جائینگی۔اس ٹرانسمیشن میں 92 نیوز کے معرف اینکرز اور تجزیہ کار عارف نظامی ، ہارون الرشید ، ڈاکٹر معید پیرزادہ ، ارشاد عارف، سعدیہ افضال اور شازیہ ذیشان بھی شامل ہونگے ۔92نیوز کی اپیل ہے کہ اس براہ راست ٹرانسمیشن میں ہر درد دل رکھنے والا پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے تاکہ ہر ایک کا علاج ممکن ہو سکے اور پاکستان کے کسی بھی کونے میں کوئی بھی ہم وطن بھوکا نہ سو سکے ۔ گزشتہ روزتحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا کی مشکلات کے ازالے کیلئے چندہ جمع کرنے کیلئے سرکاری ٹی وی سے اس ٹیلی تھون کو براہ راست نشر کیا جائیگا۔ مخیر حضرات اپنے عطیات کورونا ریلیف فنڈ میں نیشنل بینک کے اکاؤنٹ نمبر کے ذریعے بھجوا سکتے ہیں۔ اس فنڈ سے بندش کی زد میں آنیوالے شہریوں کی دیکھ بھال ممکن ہوپائے گی۔