نیویارک(نیٹ نیوز)امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے شاہی خاندان کے کم سے کم 150 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں،ان میں دارالحکومت ریاض کے گورنر اور شاہی خاندان کے اہم فرد 70 سالہ شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز السعود بھی شامل ہیں ان کا انتہائی نگہداشت کے تحت علاج کیا جا رہا ہے ۔پورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز کا علاج کرنے والے ہسپتال کے ایک اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر نے 7 اپریل کو ہسپتال کے دیگر ڈاکٹرز کو آن لائن پیغام بھیجا جس میں عملے کو ہدایات کی گئیں کہ ہسپتال کو جلد سے جلد عام مریضوں سے خالی کئے جانے کے انتظامات کئے جائیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ ڈاکٹر نے ہسپتال کے عملے کو یہ نہیں بتایا کہ وہ ہسپتال کو خالی کروانے کی ہدایات کیوں دے رہے ہیں، تاہم ذرائع سے دعویٰ کیا گیا کہ سعودی شاہی خاندان کے 150 افراد وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔امریکی اخبار نے بتایا سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے بھی اپنی مصروفیات کو محدود کردیا جبکہ 34 سالہ ولی عہد نے بھی سخت حفاظتی انتظامات اختیار کر رکھے ہیں اور نئے تعمیر ہونے والے ساحلی شہر نیوم چلے گئے ہیں ۔