لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے عید الاضحی پر مویشی منڈیاں لگانے کے حوالے سے تفصیلی ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مویشی منڈیاں شہروں سے کم از کم 2 کلو میٹر دور لگائی جائیں گی۔مویشی منڈیاں کھلی جگہ پر لگائی جائیں جہاں سماجی فاصلہ ممکن ہو۔مویشی باڑے ، انتظامی دفاتر اور میڈیکل کیمپ کھلے اور ہوا دار ہوں۔داخلی اور خارجی راستے الگ الگ، محدود داخلے کی اجازت دی جائے ۔ماسک کے بغیر مویشی منڈی میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے ۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور نے شہر میں چودہ عارضی مویشی منڈیوں کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا۔واہگہ زون میں گیارہ سو کنال پر محیط لکھو ڈیر،نشتر زون میں پرانا کاہنہ فیروزپور روڈ ،پائن ایونیو روڈ ، فروٹ ویجی ٹیبل مارکیٹ کاچھا ، گلبرگ زون میں ڈی ایچ اے فیز نائن، کاہنہ کاچھا روڈ ، راوی زون میں سگیاں ، علامہ اقبال زون میں این ایف سی سوسائٹی،مانگا منڈی، رائیونڈ سندر روڈ ، شاہ پور کانجراں میں منڈیاں لگیں گی ۔