لاہور ،اسلام آباد(کامرس رپورٹر ،وقائع نگار) عید الاضحیٰ پر صارفین کو تحفہ ، ایل پی جی کی قیمت میں مزید10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر 120روپے اور کمرشل سلنڈر 450روپے مہنگا ہو گیا ۔ایل پی جی کی نئی قیمت کراچی اور لاہور میں 150روپے فی کلو، میاں چنوں، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان، راجن پور میں 160روپے فی کلو،ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں 170روپے فی کلو، مری، نتھیا گلی میں 180 روپے فی کلو اور گلگت بلتستان 200روپے فی کلو ہوگئی ۔اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر نے کہا کہ لوکل ایل پی جی پروڈیوسرگیس مافیا بن گیا۔ ملک بھر میں ایل پی جی قیمتوں میں اوگرانوٹیفکیشن کے بغیر ہی3 دن میں دوسرا اضافہ ہوگیاہے جبکہ مزید قیمتیں بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔حکومت کے ایل پی جی پالیسی 2016 میں895 روپے گھریلو سلنڈر اور 75روپے فی کلو ایل پی جی کی جگہ175روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ انہوں نے ایل پی جی پالیسی 2016کے مطابق ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت 30000فی میٹرک ٹن مقرر کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔