کراچی ( کامرس رپورٹر ) عید تعطیلات کے باعث گزشتہ ہفتہ کاروباری سرگرمیاں محدود رہیں جس میں اسٹاک مارکیٹ میں صرف ایک روز ٹریڈنگ ہوسکی جب کہ انٹر بینک میں بھی صرف ایک روز کرنسیوں کی لین دین ہوسکی البتہ اوپن مارکیٹ میں دو روز کاروبار ہوا۔مقامی صارف مارکیٹوں میں بھی عید تعطیلات اور بارش کے باعث کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق نہیں ہوسکی۔گزشتہ ہفتے کا آغاز پیرکو عید تعطیلات کے باعث پیر کو نہیں ہوسکا اور جمعے کو اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ہوئی لیکن ایک روز کی ٹریڈنگ بھی شدید کی لپیٹ میں رہی جس کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 29 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 664.44پوائنٹس کی کمی سے 28764.63پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ 68.38فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 3ارب 66کروڑ19لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور کاروباری حجم بھی صرف 6 کروڑ 52 لاکھ12ہزار شیئرز کی لین دین تک محدود رہا۔کرنسی مارکیٹ میں انٹر بینک میں جمعہ کو ڈالر کی قدر میں55پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 158.40روپے سے بڑھ کر 158.95روپے اور قیمت فروخت 158.50روپے سے بڑھ کر159.05روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159روپے اور قیمت فروخت 159.50 روپے پر بدستور برقرار رہی لیکن ہفتہ کو انٹر بینک میں ٹریڈنگ نہیں ہوئی لیکن اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید میں70پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ دوسری جانب مقامی تھوک اور ریٹیل کی صارف مارکیٹوں میں بھی خرید وفروخت کی سرگرمیاں جمعرات کو بحال ہوگئیں لیکن محدود رہیں۔