لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) عید قربان سے قبل آخری ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر ، مویشی منڈیوں میں رونق بڑھ گئی۔شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے اتوار کے روز مویشی منڈیوں کا رخ کیا اور عید قربان کے لیے مناسب قیمت پر جانوروں کو تلاش کرتے رہے ۔بیوپاریوں کی جانب سے جانوروں کے اونچے داموں کی مانگ پر شہریوں اور بیوپاریوں میں بحث و تکرار جاری رہی کئی شہری اپنی استطاعت کے مطابق قربانی کا جانورخریدنے میں کامیاب ہوگئے تاہم کئی شہری ونڈو شاپنگ تک ہی محدود رہے اور جانور کی خریداری کے لیے جانوروں کا مزید سستا ہونے کا انتظار کرتے رہے ۔ اس حوالے سے خریداروں کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ایک درمیانے درجے کا بکرا 50ہزار روپے تک میں فروخت ہور ہا ہے جبکہ لاغر اور کمزور سے بکرے کے دامن 25سے 30ہزار روپے مانگے جار ہے ہیں۔ بیوپاریوں کی جانب سے بتائی گئی قیمت میں ایک غریب آدمی کے لئے قربانی کرنا مشکل ہے ۔اس حوالے سے بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ اچھے قد والے جانور پر بہت خرچ آتا اس لئے وہ زیادہ پیسے مانگنے پر مجبور ہیں۔ دوسراہمیں سہولیات کے نام پر بھتہ بھی دینا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں مجبوراً اپنے اخراجات کو پورا کرنے کیلئے جانوروں کے داموں میں مزید اضافہ کرنا پڑتا ہے ۔