لاہور(محمد نواز سنگرا)عید قربان پر معمول سے زائد کمائی کیلئے دور دراز سے قصابوں کی شہروں میں آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق معروف قصابوں نے دیہات سے قصاب بلا کر بڑے گروپ بنا لئے ہیں اور عید کے موقع پر جانور ذبح کرنے کیلئے بھاری بکنگ کر لی ہے ۔دریں اثنا چھریاں ، ٹوکے اور قربانی کے دیگر آلات تیز کرنیوالوں نے بھی اپنے ریٹ میں اضافہ کر دیا ہے لاہور میں اندرون موچی دروازہ، رنگ محل چوک،نوگدہ چوک،ٹیکسالی گیٹ، پاک بازار، شاہ عالم مارکیٹ اور علی پارک سمیت شہر کے دیگر درجنوں مقامات پر آلات تیز کرانیوالوں کے رش میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے ۔ قربانی کیلئے نئے آلات کی خریداری میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور دھار تیز کرنیوالوں دکانداروں نے نئے آلات کی فروخت بھی شروع کر دی ہے اور دوگنا پیسے کما رہے ہیں ۔سب سے زیادہ رش اندرون ٹیکسالی گیٹ اور موچی دروازہ پر ہے جہاں درجنوں دکاندار آلات کو تیز کر اور منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔عید کی نماز ادا کرنے کے بعد ملک میں بھاری تعدا د میں بکروں اور بیلوں کی قربانی کی جائیگی جبکہ اونٹ اور دنبے بھی ذبح کئے جائینگے ۔