اسلام آباد، نتھیا گلی (سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے عید الفطر فیملی کے ہمراہ پر فضا سیاحتی مقام نتھیا گلی میں گزاری۔عیدالفطر پروزیر اعظم نے نتھیا گلی میں چہل قدمی اور ورزش کی جبکہ وہاں موجود لوگوں کی خواہش پر ان کیساتھ تصاویر بھی بنوائیں ۔وزیر اعظم عیدالفطر کو دوپہر 2 بجے وہ نتھیا گلی پہنچے توگورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے انکا استقبال کیا۔وزیر اعظم نے 2 روز تک نتھیاگلی میں ہی قیام کیا۔گورنرہائوس کے سٹاف نے بھی وزیر اعظم کیساتھ تصویریں بنائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ۔ ساڑھے سات ہزار فٹ بلندی پرواقع سکردو میں رواں سال 50 ہزار سے زائد سیاح انجوائے کرنے پہنچے ۔اندرون ملک اوربیرون ملک سے آنیوالے سیاحوں کاسکردو میں تانتا بندھا اور سکردو ایئرپورٹ پر رش رہا۔ سیاحوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر سکردو اور چترال ایئرپورٹ کی توسیع کیلئے اقدامات بھی جاری ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دونوں ایئرپورٹس کی توسیع کیلئے ٹینڈرز جاری کیا گیا ہے ۔ امکان ہے کہ سکردو ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے بعد پروازوں میں بھی اضافہ ہو گا۔