لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن، این این آئی ) پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن سے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ محمود اچکزئی نے مولانا فضل الرحمن کی خیریت دریافت کی، دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ کوئی ساتھ چلے یا نہ چلے ہم عید کے بعد میدان عمل میں نکلیں گے ، اس حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عمران خان کو ہٹانا نہیں موجودہ فرسودہ نظام کی تبدیلی ہے جبکہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا ں پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں جلد بڑی حقیقی تبدیلی آئے گی،آئین کی بالا دستی اور عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ، ، پی ڈی ایم کسی صورت منتشر نہیں ہو گی ، پی ڈی ایم کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے والے خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،طبیعت کی ناسازی کے باعث ڈاکٹروں کی ہدایات پر سرگرمیاں معطل ہیں جلد ہی صحتیابی کے بعد میدان عمل میں ہو نگے ۔ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمٰن نے محدودپیمانے پرجماعتی سرگرمیاں شروع کرنے کافیصلہ کرلیا، انہوں نے پارٹی کی سینئرقیادت کو اسلام آباد طلب کرلیا،وہ اے این پی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعدکی صورتحال پرمشاورت ، آئندہ کی حکمت عملی اور احتجاجی تحریک پر مشاورت کریں گے ۔