اسلام آباد ،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی شہید ہوگئے ،صدر مملکت عارف علوی،وزیراعظم عمران خان ،آرمی چیف اور سیاسی رہنمائوں نے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین شہید ہوگئے ، میجر عدیل شاہد کراچی اور 23سالہ سپاہی فراز کوٹلی کے رہائشی تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین مہمند ایجنسی میں باڑ کے کام کے دوران شہید ہوئے ، شہید میجر اور ان کی ٹیم باڑ کی تنصیب کے کام کی نگرانی کر رہی تھی، بارودی سرنگیں سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں نے نصب کر رکھی تھیں۔صدر مملکت عارف علوی،وزیراعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سیاسی رہنمائوں نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔