جکارتہ(نیٹ نیوز)آبادی کے لحاظ سے مسلمانوں کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا کے ثقافت و انسانی ترقی کے وفاقی وزیر مہادجیر آفندی نے اپنے عوام کو تجویز دی ہے کہ اگر انڈونیشیا کے امیر لوگ غریبوں سے شادی کریں تو ملک سے غربت ختم ہو سکتی ہے ۔انڈونیشیا کی آبادی 27 کروڑ کے لگ بھگ ہے اور عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق وہاں کی 45 فیصد آبادی متوسط طبقے کی حیثیت بھی نہیں رکھتی۔انڈونیشیا کے اخبار’’جکارتہ پوسٹ‘‘ کے مطابق مہادجیر آفندی نے علما پر تنقید کرتے ہوئے کہا بعض اوقات مذہبی لوگ شادی کے حوالے سے غلط کہتے ہیں کہ دولہا اور دلہن ہم عمراور ایک ہی طبقے سے ہوں،اس میں کوئی برائی نہیں کہ امیر لوگ غریبوں سے شادی کریں، انڈونیشیا کی مذہبی امور کی وزارت کو اس حوالے سے ایک شرعی فرمان بھی جاری کرنا اوربعض بیروزگار افراد کو شادی سے قبل حکومت کی مہم سے فائدہ اٹھاکر شادی سے قبل والا روزگار کارڈ حاصل کرنا چاہیے ۔روزگار کارڈسے جوڑے کو مالی مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔