اسلام آباد،کراچی (نامہ نگار، 92 نیوز رپورٹ، صباح نیوز ) غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ ملزم نامزد کر دئیے گئے ، ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق ، اشعر عظیم ، عبد اللہ یوسف بھی ملزمان میں شامل ہیں۔نیب کراچی نے حفیظ شیخ اور دیگر کیخلاف ریفرنسز فائل کرنے کی سفارش کی تھی،پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں آٹو میشن سافٹ وئیر کیلئے گیارہ ملین ڈالر کا منصوبہ بنایا گیا،کمپنی کو غیر قانونی ادائیگی سے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا ،نیب ایگزیکٹوبورڈاجلاس میں 2ریفرنسزاور 6انویسٹی گیشنزکی بھی منظوری دی گئی،چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا،نیب اعلامیہ کے مطابق ایگزیکٹوانجینئرایری گیشن ملتان رانامحمدافضل ودیگرکیخلاف بدعنوانی کاریفرنس دائرکرنے کئی منظوری دی گئی،سابق وفاقی وزیراورن لیگ کے رکن قومی اسمبلی برجیس طاہر کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی ،پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کیخلاف انکوائری مزیدکارروائی کیلئے متعلقہ محکمے کوبھیجنے ،سپیکربلوچستان اسمبلی جان محمدجمالی کیخلاف تحقیقات قانون کے مطابق بندکرنے کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین نیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ، پاکستان اور نیب ساتھ چل سکتے ہیں، پاکستان اور کرپشن ساتھ نہیں چل سکتے ، ماضی میں بڑی مچھلیوں کو کوئی بلانے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا،نیب نے گذشتہ 4 سال سے زائد عرصے میں بڑی مچھلیوں کو بلایا،احتساب عدالتوں نے 1405 ملزمان کو نیب کی پیروی کی بدولت سزا سنائی، گذشتہ 4 سال سے زائد عرصے میں بدعنوان عناصر سے 539 ارب روپے بالواسطہ اور بلا واسطہ برآمد کئے ، نیب کے اس وقت احتساب عدالتوں میں 1237 ریفرنسز زیرِ سماعت ہیں ۔