اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) گزشتہ سال 2017ء کے دوران پاکستان میں کی جانیوالی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات میں سے 2.7 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ گزشتہ 6 سال کے دوران 10.4 ارب ڈالر کی دوبارہ سرمایہ کاری کی گئی۔ اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کے چیف ایگزیکٹو و سیکرٹری عبدالعلیم نے کہا ہے کہ او آئی سی سی آئی قومی معیشت کے 14 مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے اور کی جانے والی سرمایہ کاری سے 10 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی سی آئی کے اراکین کی سرمایہ کاری اور اثاثہ جات کی مجموعی مالیت 90 ارب ڈالر سے زائد ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی آئی میں اضافہ کے لئے سرمایہ کاروں کی سہولیات کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت ہے ۔