اسلام آباد،کراچی (نامہ نگار،لیڈی رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نیوزایجنسیاں)اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔گزشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد میں یوسف رضا گیلانی اور انعام اکبر پیش نہ ہوئے ۔دوران سماعت جج طاہر محمود نے کہاکہ فرد جرم عائد کی جانی ہے ،کیاسارے ملزم حاضر ہیں؟۔ جس پر نیب کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھاہے جبکہ انعام اکبر کیخلاف کراچی میں کیس چل رہے ہیں اسلئے ان کو پیش نہیں کیا جا سکا۔جس پر عدالت نے فرد جرم کیلئے 27 اگست کی نئی تاریخ مقرر کردی۔دریں اثنا نیب نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور سابق سپیکرقومی اسمبلی فہمیدہ مرزاکے بیٹے حسنین مرزا کیخلاف ریفرنس جعلی اکائونٹس کیس کیساتھ منسلک کردیا جبکہ تفتیشی افسر نے اس حوالے سے سندھ ہائیکورٹ کو بھی آگاہ کردیا ۔ نہر خیام پر 48,40 مربع گز پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ حسنین مرزا اور دیگر کے خلاف ریفرنس اسلام آباد میں دائر کردیا۔ عدالت نے ملزموں کی عبوری ضمانت کو حفاظتی ضمانت میں تبدیل کردیاجبکہ 17 اگست تک تمام ملزموں کو اسلام آباد احتساب عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم جب تک ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوجاتے انہیں گرفتار نہ کیا جائے ۔ ریفرنس میں بحریہ ٹائون کے زین ملک، سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا ،سابق ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی روئف اختر فاروقی،ممتاز حیدر بھی نامزد ہیں۔علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد کے ڈیوٹی جج طاہر محمود نے نیب کی کار کے رینٹل پاور پراجیکٹ کیس میں ملزم لئیق احمد کیخلاف ضمنی ریفرنس دائرکر نے کی درخواست منظور کرلی ۔ دور ان سماعت ملزم لئیق احمد کو اڈیالہ جیل سے لاکر پیش کیا گیا ۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 26 اگست تک ملتوی کردی۔ دریں اثناایل این جی کیس میں ملوث سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے عبوری ضمانت سے متعلق اسلام آبادہائیکورٹ میں نیب کے جواب میں جواب جمع کرانے کیلئے متفرق درخواست دائرکردی گئی، سماعت آج ہوگی ۔علاوہ ازیں سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کی جانب سے بھی مزید دستاویزات جمع کرانے کی اجازت کیلئے درخواست دائر کردی۔