لاہور( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ مہنگائی، بے روزگاری سے عوام کے اوسان خطا کر دئیے ،وزیر اعظم اپنے نعروں اور وعدوں سے یوٹرن کے ساتھ ہیرو نہیں زیرو ہو چکے ،ملک میں پوائنٹ سکورنگ کے لیے چند پناہ گاہیں بنانے والوں کو اب کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی ،حکومت کی اب تک کی کارکردگی زبانی جمع خرچ اور پریس کانفرنسوں پر مبنی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آبائی حلقہ انتخاب ثمرباغ لوئردیر میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم، چینی اور کپاس کے لیے ہم غیروں کے محتاج ہو گئے ہیں، دریا سوکھ کر گندے پانی کے جوہڑوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، موجودہ حکومت کا کسانوں کو زرعی پیکیج دینے کا وعدہ سابقہ حکومتوں کی طرح فراڈ اور دھوکا ہے ، حکمران ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہیں، حکمران عوام کے لیے وبالِ جان بن چکے ہیں اورانھوں نے استعمار کی وفاداری میں تمام حدیں پھلانگ دی ہیں، پشاور سے کراچی تک عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں، حکمران جان لیں کہ عوام ان سے تنگ آ چکے ہیں اور انھیں مزید برداشت کرنے کے لیے ہرگز تیار نہیں ہیں۔دریں اثناسیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ منصورہ میں عظیم الشان علما کنونشن آج ہوگا جس میں تمام دینی مسالک کے علما شریک ہوں گے اور سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔ علما کنونشن کی صدارت شیخ القرآن والحدیث مولانا عبدالمالک کریں گے ۔ مہمانان اور مقررین میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، مہتمم جامعہ اشرفیہ حافظ فضل الرحیم اشرفی، مہتمم جامعہ نعیمہ ڈاکٹر راغب نعیمی، امیر متحدہ جمعیت اہلحدیث سید ضیا اللہ شاہ بخاری، خطیب بادشاہی مسجد سید عبدالخبیر آزاد اور دیگر شامل ہیں۔