کراچی(این این آئی)وزارت پٹرولیم نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں توانائی کی طلب میں اضافہ اور نئے ذخائر کی تلاش میں حکومتی غفلت کے باعث تیل اور گیس کے موجودہ ذخائر تیزی سے ختم ہونے لگے ۔دستاویزات کے مطابق تیل اور گیس کے موجودہ ذخائر صرف 13 سال کے لیے رہ گئے ،66برسوں میں 37ہزار ارب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر استعمال کر لیے گئے ۔ ملک بھر میں 321 ذخائر میں گیس کی مقدار 19ہزار ارب کیوبک فٹ رہ گئی، سوئی میں گیس کے بڑے ذخائر 12ہزار ارب سے کم ہو کر 1 ہزارارب کیوبک فٹ رہ گئے ، تیل کے ایک ارب 24 کروڑ بیرل کے ذخائر میں سے 89 کروڑ بیرل تیل استعمال کر لیا گیا، ملک میں گیس کی یومیہ پیداوار 4 ارب کیوبک فٹ اور تیل 90ہزار بیرل پیدا ہوتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ملک کے 66 فیصد حصے میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے سروے تک نہ ہو سکا، متعدد مقامات پر تیل اور گیس دریافت ہوا لیکن پیداوار شروع نہ کی جا سکی۔