پشاور( ذیشان کاکا خیل)ایجوکیشن فاونڈیشن کے پاس فنڈز کی کمی کے باعث صوبہ بھر میں قائم کمیونٹی سکولز بند ہونے کا خد شہ پیدا ہو گیا ۔ کروڑوں روپے کے بقایاجات ادا نہ کرنے کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے 25 اضلاع میں قائم 800 کمیونٹی سکولز بند ہونے کے قریب ہیں ،صوبہ بھر میں قائم کمیونٹی سکولز کے 15 کروڑوں 30لاکھ روپے بقایا جات پچھلے دو سال سے ادا نہ کرنے کی وجہ سے سکولوں میں زیر تعلیم 22ہزار سے زائد بچوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ 800 کمیونٹی سکولوں کے 610 اساتذہ کو فنڈز کی کمی کی وجہ سے پچھلے دو سال سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جبکہ بچوں کو کتب اور سٹیشنری کیلئے فنڈز بھی تاحال جاری نہ ہونے کی وجہ سے اب اساتذہ نے ان سکولوں کو خیبر باد کہنے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔روزنامہ 92 نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق اساتذہ کی تنخواہوں کی مد میں حکومت کو 153 ملین روپے ادا کرنے ہیں،ذرائع کے مطابق اگر یہ فنڈز کچھ ہفتوں میں ریلیز نہیں ہوئی تو اس ان کمیونٹی سکولوں کو اساتذہ تالے لگا دیں گے جس کے بعد سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔ ایم ڈی ایجوکیشن فاونڈیشن عرفان اللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے 92نیوز کوبتایا کہ تمام قانونی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے ،ان سکولوں کے جو بقایاجات تھے اس کی تمام تفصیلات اکھٹی کی گئی ہیں،اور ایک ماہ کے اندر اندر ان سکولوں کے بقایاجات کو کلیئر کرد یئے جائیں گے ۔