کراچی ( سٹاف رپورٹر )ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے پارٹی بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد متحدہ قومی کونسل بنانے کا اعلان کروں گا۔سٹی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے ایک نئی ایم کیو ایم بنانے کا اعلان کیا اور کہا اس میں ملک کی تمام اکائیوں، ہر صوبے اور ہر زبان بولنے والے کو ساتھ ملائیں گے ۔جس طرح عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی اس سے بانی ایم کیو ایم کی سیاست کو دوبارہ پھلنے پھولنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا علی رضا عابدی کی ہلاکت نے خوف و ہراس پیدا کیا،ہمیں قانون نافذ کرنیوالے ادارے آنے جانے سے منع کرتے ہیں، سیاسی لیڈر گھر میں کیسے بیٹھ سکتا ہے ، پہلے 8 ہزار دکانیں اور اب 7 سو دکانیں توڑیں، 30 ہزار خاندان متاثر ہوئے ۔عمران خان کراچی میں بجلی، پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کریں، یاد رکھیں کراچی بیٹھ گیا تو معیشت بیٹھ جائے گی۔