کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم کے رہنماء روف صدیقی نے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کو ہٹانا اچھا کام ہے ،لیکن غلط طریقے سے کام کریں گے تو تنقید تو ہو گی، کے ایم سی کو تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل لوگوں کو نوٹس دینا چاہیے تھا۔ ہفتے کو عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے روف صدیقی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کو فوری طور پر ان لوگوں کو متبادل جگہ فراہم کرنی چاہیے جن کی دکانیں مسمار کی گئیں، غریب لوگوں کی دکانیں مسمار کرکے انکا روزگار چھینا جارہا ہے ،غریب کے بچے کا کوئی پرسان حال نہیں۔ رؤف صدیقی نے فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان میں واپس آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار کا متحدہ قومی کونسل بنانے کا فیصلہ درست نہیں، عزت دینے والی ذات اﷲ کی ہے ایم کیو ایم ملک کی تیسری بڑی جماعت تھی،آج گلی محلے تک محدود ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان اصف سعید کھوسہ کا بیان قابل ستائش ہے ،میں چاہتا ہوں جھوٹے گواہ گھر نہیں جیل جائیں، جس دن ایسا ہوگا عدلیہ کا وقار بلند ہوگا۔