سری نگر(نیٹ نیوز،کے پی آئی،این این آئی)چیئرمین حریت کانفرنس میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنی سوچ بدلنی ہوگی، کشمیر کو پولیس سٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری ڈائیلاگ کے حامی ہیں، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں، تمام فریق بات چیت کریں،مقبوضہ کشمیر میں تبدیلیوں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے ، آج نہیں تو کل مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا۔میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیریوں کے سول حقوق کے ساتھ مذہبی اور انسانی حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔دوسری طرف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے محبوبہ مفتی کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کیس درج کیا ہے اور انہیں پوچھ گچھ کیلئے نئی دہلی طلب کیا ہے ۔جموں کے ضلع ریاسی سے ریاض احمد نامی نوجوان نوجوان کو گرفتا رکر لیا گیا۔ڈاکٹروں نے قابض انتظامیہ کی ناروا پالیسی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداﷲ کی سرینگر اور جموں میں 11.86 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے ۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں 40 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں یہ کارروائی کی ہے ۔ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے فیصلہ کو مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ۔بھارتی فوجیوں نے ہفتہ کو ضلع شوپیاں میں محاصر ے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ۔بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جماعت اسلامی کے خلاف من گھڑٹ او رجھوٹے مقدمات میں تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہریوں کی طرح کشمیری صحافیوں کے خلاف بھی کریک ڈاون کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، کئی صحافی اس کارروائی میں زخمی ہو گئے ۔