لاہور( سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا میں پاکستانی بولنگ مشکلات سے دوچار ہے ایسے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولروں فہیم اشرف اور حسن علی کی فٹنس میں بہتری آرہی ہے ۔ فہیم اشرف گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور انجری سے چھٹکارا پانے کے لیے انہوں نے قومی کرکٹ اکیڈمی میں کام شروع کر دیا ہے ۔ حسن علی گزشتہ ایک مہینے سے کمر کی تکلیف میں مبتلا تھے اور اسی وجہ سے دورہ آسٹریلیا کے لیے انہیں ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیسنز ڈاکٹر سہیل کا کہنا ہے کہ حسن علی 80 فیصد ریکور کر چکے ہیں، انہوں نے این سی اے میں 20 منٹ شارٹ اور لانگ رننگ کے ساتھ ساتھ بولنگ پریکٹس بھی شروع کر دی ہے تاہم انہوں نے حسن علی کی مکمل فٹنس بحالی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔آل رائونڈر فہیم اشرف نے گزشتہ روز گھنٹے کی انجری کے بعد قومی کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کیا، میڈیکل ٹیم نے ان کی فٹنس پر کام شروع کر دیا ہے ۔ انہیں فٹ ہونے میں دو ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے ۔