لاہور(سٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے بی این پی کے صدر سردار اختر مینگل ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ، گلگت بلتستان کے امیر مشتاق احمد ایڈووکیٹ ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اﷲ کنرانی ، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ محمد الطاف کشمیری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔ کورونا وائرس کے حوالے سے خیریت دریافت کی اور ملکی حالات پر تبادلہ خیال کیا ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کنفیوژن پر مبنی اظہار خیال سماجی اتفاق رائے کو توڑ رہے ہیں ۔ وفاق صوبوں کے ساتھ اعلانات ، ویڈیو لنک کانفرنسوں سے بڑھ کر عملی تعاون کرے ۔ ابھی تک ریلیف صوبوں کی جانب نہیں گیا ۔ لاک ڈائون ، ٹرانسپورٹرز کے حوالے سے پورے ملک میں یکساں پالیسی نہیں جگہ جگہ ناکے عجیب منظر نامے بنائے ہوئے ہیں ۔