کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مجموعی طور پر مندی کا رجحان رہا ،کے ایس ای 100 انڈیکس 43200پوائنٹس سے گھٹ کر43100پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 17ارب سے زائد روپے بھی ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 81کھرب روپے سے کم ہو کر80کھرب روپے رہ گیا تاہم48فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 3دن کی تیزی سے انڈیکس186.36پوائنٹس بڑھ گیا تاہم 2 دن کی مندی میں انڈیکس225.65پوائنٹس کم ہو گیا ۔ سٹاک ماہرین کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعت کی جانب سے استعفیٰ کے بعد سیاسی افق پر غیر یقینی کی کیفیت سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے جبکہ ٹیکنکل کریکشن کی وجہ سے حصص کی فروخت اور مستقبل میں بہتری کی توقعات پر ہونیوالی خریداری کے سبب کاروبار کے دورانیئے میں مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی جس کی وجہ سے انہوں نے مخصوص شعبہ جات میں محدود سرمایہ کاری کی جبکہ فروخت کے دباؤ کے باعث انڈیکس میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ۔ تاہم عالمی ریٹنگ ایجنسی فیچ کی جانب سے پاکستان کا آؤٹ لک ریٹنگ مستحکم کرنے سے سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کو امید ہو ئی کہ آئندہ چند ماہ بعد لسٹڈ کمپنیوں کے مالیاتی نتائج بہتر ہوں گے ۔ گذشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں39.29پوائنٹس کی کمی یکارڈ کیا گیا جس سے 43207.05پوائنٹس سے کم ہو کر 43167.76 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 30.93پوائنٹس کے اضافے سے 20028.20 پوائنٹس سے کم ہو کر 19997.27 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30058.44 پوائنٹس سے کم ہو کر 29998.44پو ا ئنٹس ہو گیا ۔ گذشتہ ہفتے مارکیٹ کے سرمائے میں17 ارب 83 کروڑ28لاکھ37ہزار786روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ81کھرب 2ا رب97کروڑ 4 لاکھ 44 ہزار173روپے سے کم ہو کر80کھرب 85 ارب13کروڑ 76 لاکھ 6 ہزار 387 روپے ہو گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر43468.48 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھاتاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر 42805.79 پوائنٹس کی کم سطح تک گر گیا تھا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ10ارب روپے مالیت کے 36کروڑ 61ہزار 35ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم6ارب روپے مالیت کے 17 کروڑ 12 لاکھ 56 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 1815 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 867 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،858میں کمی اور 90 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔