کراچی ( کامرس رپورٹر) کرونا وائرس کے عالمی سٹاک مارکیٹوں میں منفی اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی دیکھے جارہے ہیں جس کے باعث گزشتہ ہفتے بھی شدید اتار چڑھاؤجاری رہا لیکن امریکہ وطالبان کے مابین امن معاہدے کے تناظر میں بہتر توقعات کے سبب مجموعی طور پر تیزی غالب رہی جس کی وجہ سے کے ایس ای 100انڈیکس 37ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر38ہزار پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ، تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں61ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم71کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ50فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے 2دن تیزی کا رجحان دیکھاگیا جس کی وجہ سے انڈیکس1788.39پوائنٹس بڑھ گیا تاہم3روزہ مندی سے انڈیکس 1552.34 پوائنٹس لوز کر گیا ۔سٹاک ماہرین کے مطابق رواں مالی سال کے 8ماہ میں تجارت خسارے میں کمی ،امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے کے بعد سالہ افغان جنگ کے خاتمے کے امکانات روشن ہونے اور خطہ میں امن قائم ہونے ،پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات طے پانے جیسے عوامل اسٹاک مارکیٹ کی تیزی کا سبب ہیں تاہم کورونا وائرس کے خدشات ،حکومت کی جانب سے آئی پی پیز کا از سر نو ریویو کرنے اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں کمی کی اطلاعات مارکیٹ کی مندی کی بڑی وجوہات قرار دی جار رہی ہیں ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈ یکس میں236.05پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 37983.62 پوائنٹس سے بڑھ کر 38219.67 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26289.38 پوائنٹس سے بڑھ کر 26557.85پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای انڈیکس 92.2پوائنٹس کی کمی سے 17477.60 پوائنٹس سے کم ہو کر 17385.40 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گذشتہ ہفتے مارکیٹ کے سرمائے میں 61 ارب 98 کروڑ 63 لاکھ 67ہزار925 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 70 کھرب 94 ارب 66کروڑ 57لاکھ 91ہزار 778 روپے سے بڑھ کر 71 کھرب 56 ارب 65 کروڑ 21 لاکھ 53 ہزار 703روپے ہو گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر 39866.46 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر 37983.62 پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ13ارب روپے مالیت کے 34کروڑ 7ہزار 22ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 8 ارب روپے مالیت کے 22 کروڑ 52 لاکھ 75 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 1804کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 911کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،862میں کمی اور91کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔