کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی کارجحاب دیکھا گیااورکے ایس ای100انڈیکس میں 2 ہزار537 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی سٹاک مارکیٹ میں سپورٹ فنڈ کی یقین دہانی بھی کام کرگئی، شدید مندی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 122 پوائنٹس اضافے کیساتھ 35703 پر بند ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران 2537 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جو دس سال کے بعد کسی ایک ہفتے میں اتنا بڑا اضافہ ہے ۔ کاروباری ہفتے کے دوران 100 انڈیکس 35 ہزار 703 پوائنٹس کی سطح پر بندہوا۔ انڈیکس میں 7 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ ہوا۔ حصص کی مالیت میں 400 ارب روپے اضافہ جبکہ شیئر کی کل مالیت 7200 ارب روپے ہوگئی۔ کاروباری ہفتے میں3413 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار ہوا۔کاروباری ہفتے میں 89 کروڑ شیئرز کے سودے 30 ارب روپے میں طے ہوئے اور مارکیٹ کیپٹلا ئز یشن 393 ارب روپے بڑھ کر 7205 ارب روپے ہوگئی ہے ۔گزشتہ ہفتے ڈالرنے بھی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھوا، انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 97 پیسے مہنگا ہو کر 150 روپے 91 پیسے پر بند ہوا۔ اس ہفتے ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 151 روپے 95 پیسے تک بھی پہنچا۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو کر 151 روپے 50 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ اسکی بلند ترین سطح 154 روپے بھی دیکھی گئی تھی۔