کراچی ( کامرس رپورٹر )نئے کلینڈر سال کا تیسر ا کاروباری ہفتہ بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ کیلئے اچھا ثابت ہوا،گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران نہ صرف کے ایس ای 100انڈیکس 200پوائنٹس بڑھ گیا بلکہ 48 ارب روپے کے اضافے سے مارکیٹ کو مجموعی سرمایہ بھی 79 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا ،سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال ، معاشی اشاریوں کے حوالے سے منفی اطلاعات اور مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے نیا ٹریگر نہ ہونے کے باوجود گذشتہ ہفتے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں بڑھتی دیکھی گئیں۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں3دن تیزی کا رجحان رہا اس دوران انڈیکس 627.71 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ2دن کی مندی سے انڈیکس 370.29 پوائنٹس لوز کر گیا ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشت ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس میں 257.42 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 39049.08 پوائنٹس سے بڑھ کر 39306.50 پوائنٹس پر جا پہنچا اسی طرح 141.93پو ا ئنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 18615.14پوائنٹس سے بڑھ کر 18757.07 پوائنٹس ہوگیا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 28738.96پوائنٹس سے بڑھ کر 28917.83پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 48ا ر ب 78کر وڑ 69 لاکھ 28 ہزا ر 758 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب77ارب 71 کروڑ 40 لاکھ 87 ہزار185روپے سے بڑھ کر 79 کھرب 6 ارب 50 کروڑ 10 لاکھ 15 ہزار 943 روپے ہو گیا ۔ گذشتہ ہفتے کاروباری تیزی کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39712.74پوائنٹس کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس38773.27پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ5ارب روپے مالیت کے 15 کروڑ 50 لاکھ1ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 4 ارب روپے مالیت کے 9کروڑ 27 لاکھ73ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1701 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 784کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،819میں کمی اور 98 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔