آکلینڈ( آن لائن )نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے ہفتے میں 4 دن کام کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ فیس بک ویڈیو چیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ اگر تین روز کی چھٹی ملے گی تو اس کی بدولت شہریوں کو ایک ایسے وقت پر ملک گھومنے کا زیادہ مواقع ملیں گے اور معیشت پر مثبت اثرات آئیں گے جب نیوزی لینڈ نے اپنی بین الاقوامی سرحدیں بند کی ہوئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں کام کرنے کے دنوں کا معاملہ کمپنیز اور ان کے ملازمین کے درمیان ہے ، اس حوالے سے ہم کسی قسم کے احکامات جاری نہیں کر سکتے ، لیکن کورونا وائرس نے ہمیں بہت کچھ سیکھا دیا ہے ، ہمیں اس بات کا اندازہ ہو گیا ہے کہ لوگ کس طرح گھروں سے بھی کام کر سکتے ہیں۔جسینڈا آرڈرن نے کاروبار چلانے والے افراد کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر ضرور غور کریں کہ ہفتے میں 4 دن کام کیا جائے اور لوگوں کو 3 دن کی چھٹیاں دی جائیں۔