خیبر پختونخواہ سے 92نیوز کے سینئر رپورٹر فخر الدین سید گزشتہ دنوں حیات آباد میڈیکل کمپلکس میںکورونا کے باعث شہید ہو گئے ہیں۔مرحوم فخرالدین سیدپرنٹ اور الیکٹرانک میڈیامیں اپنی بہترین صحافتی صلاحیتوں کا لوہامنوانے کے بعد 92نیوز میڈیا گروپ سے منسلک ہوئے اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مرحوم نے دہشت گردی کے واقعات کی اپنی جان کی پروا کیے بغیر کوریج کی۔ انہیں اپنے کام سے عشق تھا اور مشکل سے مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض کی انجام دہی پر بخوشی آمادہ ہوتے۔ فخرالدین سید صحافتی پیشہ اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھی ہمیشہ صفحہ اول میں پائے جاتے تھے۔ آپ پشاور پریس کلب سمیت صحافتی تنظیموں میںکئی عہدوں پر فائز رہے ‘ان کی ناگہانی موت سے نہ صرف ان کے لواحقین بلکہ صحافی برادری بھی ایک ہمدرد رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ فخر الدین سید نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں جان دی ہے ۔اس محنتی اور قابل فخر شخص کا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا ۔اس وقت اور بھی کئی صحافی اس جان لیوا وائرس سے متاثر ہیں،ہماری تمام صحافیوں سے گزارش ہے کہ وہ حفاظتی انتظامات کے تحت فرائض منصبی ادا کریں ۔فخر الدین سید 92نیوز میڈیا گروپ فیملی کے ممبر تھے ،پورا میڈیا گروپ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔صوبائی حکومت نے مرحوم کے خاندان کی مالی مدد کی ہے۔ وفاقی حکومت بھی مرحوم کے ورثاء کی ہر ممکن مدد کرے۔ 92نیوز میڈیا گروپ کی پوری ٹیم مرحوم فخر الدین سید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہے ،اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت کرے اور درجات بلند کرے۔آمین