اسلا م آباد ،لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، کراچی، پشاور، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک، سپورٹس ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید23 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد7000ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں1637نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 346476ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 20045ہو گئی،1052مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور319431صحتیاب ہو چکے ۔صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔دریں اثنا اسلام آباد انتظامیہ نے مزید 7 تعلیمی اداروں کو کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کردیا جبکہ ان میں جراثیم کش سپرے کرانے کی ہدایت کردی۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید12 مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ ریکارڈ 407نئے کیس سامنے آگئے ۔ گزشتہ 3ماہ کے دوران ہلاکتوں کی سب سے زیادہ شرح ہے ۔ایل ڈی اے کے 3 افسر کورونا کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم کا دفتر سیل کر دیا گیا۔ ایک خاتون افسر سمیت متاثرہ افسروں نے خود کو گھروں پر قرنطینہ کر لیا ۔پنجاب یونیورسٹی کے مزید 2 اساتذہ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر پروفیسر ڈاکٹر شفیق اورانسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچر سٹڈی کی پروفیسر راحلہ راحت میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ادھرنشتر ہسپتال میں مزید5 مریض دم توڑ گئے ۔ بہاولپور میں بھی ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاہور اور ملتان کے بعد گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 19نو مبرتک سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا ۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گوجرانوالہ میں کینال پارک راہوالی،قلعہ دیدار سنگ ٹاؤن،گھرجکھ،دھولے ،اروپ ٹاؤن،فرانسیس آباد،مریم بلاک،کھیالی شاہ پور ٹاؤن کے علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔راولپنڈی میں فوجی فاؤنڈیشن یونیورسٹی نیو لالہ زار،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کہوٹہ،سیٹلائٹ ٹاؤن اور عباسی آباد کے علاقوں میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورنٹس،نجی اور سرکاری دفاتربند رہینگے ۔علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی،انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔تمام میڈیکل سروسز،فارمیسی،میڈیکل سٹور،لیبارٹریاں،کولیکشن پوائنٹس،ہسپتال اور کلینکس 24گھنٹے کھلے رہینگے ۔ دودھ ، گوشت،چکن،مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح 7سے شام 7بجے تک کھلی رہینگی۔گروسری سٹورز،جنرل سٹورز،آٹا چکیاں،فروٹ،سبزی کی دکانیں،تندور اورپٹرول پمپ صبح 9بجے سے شام 7بجے کھل سکیں گے ۔ لاہور پولیس کی طرف سے شہر کے 11 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کیلئے ضروری اقدامات کئے گئے ۔لاہور پولیس سلیکٹڈ ایریاز میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے متحرک رہی۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے پولیس افسروں کو ہدایت کی کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اورضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تعینات پولیس افسرو جوان ماسک، سینیٹائزر، گلوز سمیت کوروناایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ پابندی سے مستثنیٰ افراد کو نقل و حرکت کی اجازت ہو گی۔کو چیئرمین کورونا ایکپسرٹ ایڈوائزری گروپ پروفیسر اسد اسلم نے کہا کہ پنجاب میں ایس او پیز پر بالکل بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا ۔آئے روز کیسز میں اضافہ ہو رہا ،تین ہفتے قبل لاہور کے ہسپتالوں میں 41 مریض زیر علاج تھے اور اب 132 زیر علاج ہیں۔ لاہور میں زیادہ تر آکسیجن کی ضرورت والے مریض ہیں، لوگ ماسک لازمی پہنیں اور سماجی فاصلہ اپنائیں۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے 3 مقامات سمارٹ لاک ڈا ؤن نفاذ کے اعلان کے باوجود سیل نہ کئے جاسکے ۔تاہم فائونڈیشن میڈیکل یونیورسٹی راولپنڈی کیمپس کو غیر علانیہ طور پر 4روز کیلئے بند کر دیا گیا ۔ شہر کے مختلف تعلیمی اداروں میں کورونا متاثرہ طلبہ اور اساتذہ کی موجوددگی کے باوجود انتظامیہ نے معاملات دبانا شروع کر دیئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ میں مزید 3 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 518 نئے کیسوں میں سے 409 کا تعلق کراچی سے ہے ۔خیبر پختونخوا میں کورونا نے ڈاکٹر بشیر کی جان لے لی جبکہ پشاور میں مزید 20 ڈاکٹر وائرس کا شکار ہوگئے ۔ڈاکٹر بشیر کنگ عبداﷲ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ کے سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تھے ۔خیبرپختونخوا میں جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 22 ہو گئی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور پی ڈی اے نے ڈاکٹر بشیر کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔دنیا بھر میں ہلاکتیں 1275371سے زائدہوگئیں۔ بنگلہ دیش کے ٹیسٹ کپتان مومن الحق اور انکی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔