پیرس ( اے ایف پی) فرانس بھر میں گز شتہ روز ٹرانسپورٹ ورکرز، اساتذہ اور دیگر ملازمت پیشہ افراد نے ہڑتال کی ہے جس کے باعث نظام زندگی معطل رہا ۔ اس ہڑتال کے باعث فرانس میں 90 فیصد تیز رفتار ٹرینیں معطل کر دی گئی ہیں جبکہ پیرس میٹرو کا زیادہ تر حصہ بند ر ہا ۔ سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ سکول بھی بند ر ہے ۔ ایئر فرانس کی 30 فیصد ملکی اور 15 فیصد بین الاقوامی پروازیں بھی اس ہڑتال سے متاثر ہو ئیں ۔ یہ ملک گیر ہڑتال صدر عمانویل میکغوں کی جانب سے پنشن اصلاحات کے خلاف کی گئی ہے ۔اے ایف پی کے مطابق ہڑتال میں ملک بھر کے اساتذہ، ٹرانسپورٹ ملازمین، محکمہ پولیس، وکلائ، ہسپتال اور ہوائی اڈوں کے عملے سمیت کئی دیگر شعبوں کے ملازمین نے حصہ لیا ۔فرانس میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60 برس تھی، جو بعد میں 62 برس کر دی گئی لیکن ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں یہ اب بھی بہت کم ہے ۔ پوائنٹ کی بنیاد پر اگر کوئی شخص 64 برس کی عمر سے قبل ریٹائر ہوتا ہے تو اسے پینشن کم ملے گی۔