کراچی(سٹاف رپورٹر )سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ میں نے کوئی فراڈ کیا ہے نہ کرپشن ،لیکن نیب کے حوالے سے میرے خلاف خبریں چلائی جا رہی ہیں،جس سے مجھے سیاسی طور پرنقصان پہنچ رہاہے ،میں الیکشن لڑرہاہوں ۔اس انتخابی مہم میں مصروف ہوں اس سلسلے کو بند ہونا چاہیے ، مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات میں پنجاب میں 100سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پران کے ہمراہ خواجہ طارق نذیراور دیگر رہنما موجود تھے ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مجھے نیب میں5جولائی کو طلب کیاگیاتھا میں نے نیب سے درخواست کی تھی کہ میں پانچ جولائی کولاہورجارہا ہوں اس لئے پیرکو حاضر ہوجاؤں گا۔میری یہ درخواست نیب نے منظورکرلی تھی لیکن پھر بھی میرے خلاف خبریں چلائی گئیں ، میرے حوالے سے یہ بھی خبریں چلائی گئیں کہ میں نے اپنی کرپشن نیب میں قبول کرلی ہے ۔ جبکہ ایسا کچھ نہیں ،میرے حوالے سے نیب نے 2015میں بھی تحقیقات کی تھیں اس وقت کچھ نہیں نکلاتھا۔