ریاض ، پیرس، انقرہ(اے ایف پی،نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ،ترکی اور یونیسکو میں کویتی مشن نے فرانسیسی صدر عمانویل میکغوں کے اسلام سے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ان کے ریمارکس کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے کر مسترد کردیا۔دوسری طرف ترک صدر نے کہا ہے کہ میکغوں کو دماغ کے علاج کی ضرورت،اسلام دشمنی یورپ کو لے ڈوبے گی۔گستاخانہ خاکوں پر کویت کے 50 شاپنگ مالز سپر سٹورزسے فرانسیسی اشیا ہٹا دی گئیں۔ ریاض اور پیرس سے جاری کردہ اعلامیوں کے مطابق جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نیاف الہجرف نے اور یونیسکو میں کویت کے مشن نے کہا ہے کہ فرانسیسی صدر کے ریمارکس نے نفرت کی تہذیب کو فروغ دیا ہے جو اسلامی دنیا اور فرانس کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔ترک میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ یورپ اسلام اور مسلمان دشمنی کی اس بیماری سے جلد ہی باہر نہ آیا تو پورا یورپ صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا، مسلمان مخالف اتحاد یورپی ممالک کو ڈبو دے گا۔ اردوان نے پیش گوئی کہ کہ 2022 کے بعد میکغوں فرانس کے صدر نہیں ہوں گے ، انہیں متعصبانہ سوچ کی وجہ سے انتخابات میں شکست ہوگی۔ترک صدر نے اسلام اور مسلمانوں کے دفاع پر فلسطینی تنظیم کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔فرانس نے معاملے پرغورکیلئے ترکی سے اپنے سفیرکو واپس بلالیا،فرانسیسی صدارتی ترجمان کے مطابق ترک صدرکابیان ناقابل قبول ہے ۔