پیرس( شوبز ڈیسک) فرانسیسی عدالت نے 55 سالہ معروف فلم ساز کرسٹوف روجیا پر ’نابالغ لڑکی‘ کے جنسی استحصال کا الزام عائد کردیا۔ کرسٹوف روجیا پر نومبر 2019 میں ایوارڈ یافتہ فرانسیسی اداکارہ 31 سالہ اڈیل ہینیل نے کم عمری میں جنسی ہراسانی اور استحصال کا الزام عائد کیا تھا۔اڈیل ہینیل نے فرانسیسی ویب سائٹ کو بتایا تھا کہ فلم ساز نے انہیں تقریبا 2 دہائیاں قبل 2002 میں پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا۔اداکارہ نے الزام عائد کیا تھا کہ جس وقت انہیں ہدایت کار نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اس وقت ان کی عمر 12 سے 15 سال کے درمیان تھی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 12 سال کی عمر میں کرسٹوف روجیا کی 2002 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی ڈیولز‘ میں کام کیا تھا اور وہ ان کی پہلی فلم تھی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب تک فلم بنی تب تک وہ 15 سال کی عمر تک پہنچ گئی تھیں ۔