لاہور،ساہیوال (کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے ساہیوال پولیس لائنز کا دورہ کرتے ہوئے افسروں،ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرض شناس ملازمین دنیا کیساتھ آخرت بھی سنوار سکتے ہیں ۔ انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس لائنز ساہیوال میں ملازمین کیلئے فری ڈسپنسری، میس اور کنٹین کا افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے شہید ہیڈ کانسٹیبل ارشاد کے نام پر ڈسپنسری کا نام رکھا اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ پولیس دربارمیں آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کا فریضہ ہم لوگوں کو نصیب ہوا ہے اور ہم لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے مقدمات کی مؤثر تفتیش کریں ۔یاد رہے کہ شہریوں کی طرف سے شکایات کے انبار ہیں جس کی وجہ سے انتظامیہ نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کے دورہ ساہیوال پر سائلین اور مقامی صحافیوں کو نہیں بلا یا ۔