اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،این این آئی، اے پی پی )وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے رانا ثناء اﷲ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ رانا ثناء اﷲ کا ذاتیات کو نشانہ بنانا اپنے دفاع میں دلائل نہ ہونے کا ثبوت ہے ، شریف خاندان کے چیلے سند یافتہ جھوٹے ہیں،بہتان اور الزام تراشی ان کا پرانا وطیرہ ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک قانونی نوٹس سے رانا صاحب کو آرام نہیں آیا، شاید انہیں مزید دوا کی ضرورت ہے ،رانا صاحب فکر نہ کریں ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا حساب بھی باقی ہے ۔فردوس عاشق نے کہا کہ اپوزیشن اپنے سیاہ کرتوت کی وجہ سے جیل جا رہی ہے ،ان کے لیڈر نیب اور جیل جائیں تو بیمار ہو جاتے ہیں، جیل سے نکلتے ہی بھلے چنگے اور صحت مند ہوجاتے ہیں، لندن پہنچتے ہی ان کی صحت قابل رشک ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ قوم کا اتنے بڑے جھوٹوں سے سے واسطہ پڑا ہے جن کی آپس میں بیان ہی نہیں ملتے ، آدھے لٹیرے جیلوں میں بیمار ہیں اور باقی آدھے ملک سے فرار ہیں، ۔علاوہ ازیں ٹویٹ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ دو خاندانوں نے کرپشن کو تحفظ دینے ،جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے لیے اپنی خواتین کو ڈھال بنا کر عورت کے تقدس کو پامال کیا، انہیں چاہیے کہ اپنے اعمال کا محاسبہ کریں،احتساب کے عمل کا نہیں،وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر قائم کرنے کی جانب گامزن ہیں جہاں مرد اور عورت کی تفریق کے بغیر قانون کا یکساں اطلاق ہی بنیادی اصول تھا۔