اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، اے پی پی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتساب سے بچنے کیلئے اداروں کو متنازعہ بنا رہی ہے ، معیشت کو استحکام کی طرف گامزن دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، حکومت عوامی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے ، لوٹ مار کا باب بند ہوچکا ۔ہفتہ کو پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی میڈیا ٹاک پر رد عمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے معیشت کو دیئے گئے زخموں پر ہم مرہم رکھ رہے ہیں ، سابقہ حکمرانوں کی لوٹ مار سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا، وزیراعظم کی قیادت میں نیا پاکستان مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ۔معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا ،اتنی ہی تیزی سے تنکوں میں بکھر جائے گا۔ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد نے پنجاب کے عوام پر کئی دہائیوں سے مسلط استحصالی نظام اور شخصیت پرستی کا خاتمہ کردیا ، پنجاب کی گروتھ سٹریٹجی 2023ئوزیراعظم عمران خان کے ویژن اور مشن کے اصول کی جانب ایک اہم قدم ہے ، ترقی کے ثمرات پورے پنجاب کے لوگوں میں پہنچیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی کارکردگی صرف ٹی وی چینل پر شہ سرخیوں اور اخبارات کے اشتہارات تک محدود تھی۔