اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف دائر توہین عدالت کی ایک اور درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ جے زیڈانٹرپرائززپرائیویٹ لمیٹڈکے محمداویس نے وکیل آصف چودھری کے ذریعے دائر درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ عدالت نے ایکسل لوڈ پر عمل درآمد معطل کرنے کے وزارت مواصلات کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع جاری کیا، تاہم فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہاکہ وزیراعظم نے ایم نائن موٹروے پر ایکسل لوڈ پر عمل درآمد روک دیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ فردوس عاشق اعوان کی ٹویٹ عدالتی حکم کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ لہٰذا عدالت کی حکم عدولی کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے ۔ اسلام آبادہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب آئندہ ہفتے درخواست پر سماعت کریں گے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خلاف پہلے بھی توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ ہے ۔