لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کے پیش نظر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے جامع ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔ٹریفک ایڈوائزری پلان کے مطابق فردوس مارکیٹ چوک بوجہ انڈرپاس تعمیر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگاجبکہ سنٹر پوائنٹ سے جناح فلائی اوور بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔اس موقع پر سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد کا کہنا تھا کہ ڈیفنس سے کیولری چوک اور سنٹر پوائنٹ جانے والی ٹریفک شامی روڈ سے براستہ شیر پاؤ پل گلبرگ،جیل روڈ، سنٹر پوائنٹ جا سکے گی جبکہ ڈیفنس سے گلبرگ آنے والی ٹریفک والٹن سے براستہ قینچی اور فیروز پور روڈ استعمال، کلمہ چوک، سنٹر پوائنٹ جا سکے گی۔ ۔انہوں نے ٹریفک پلان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہری گلبرگ سے کیولری چوک اور ڈیفنس جانے کیلئے براستہ مین بلیوارڈ گلبرگ شیرپاؤ استعمال کر سکیں گے ۔شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے اضافی وارڈنز تعینات کر دئیے گئے ہیں جس کیوجہ سے متبادل راستوں پر شہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ شہری مزید ر ہنمائی اور سہولت کیلئے ٹریفک ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم کے ذریعے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ آگاہی فراہم کی جا ئے گی۔