مکرمی! ہر طالبعلم کی شدید خواہش ہوتی ہے کہ وہ امتحان میں اچھی کارکردگی دکھائے اور اعلی نمبر حاصل کر کے اپنا،اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کر سکے۔ وہ خوش قسمتی سے اپنا اور اپنے والدین کا نام تو روشن کر دیتا ہے مگر بد قسمتی سے ملک کا نام روشن نہیں کر پاتا۔ اس کے پیچھے طالبعلم کی ناقص کارکردگی نہیں بلکہ اس کی بنیادی وجہ ہمارا فرسودہ اور غیر معیاری نظام تعلیم ہے۔ ہمارا نظام تعلیم صرف اور صرف رٹا سسٹم پر مبنی ہے۔ ہمارے ملک میں اساتذہ کو یہ تربیت تو دی جاتی ہے کہ وہ بچے کی تمام مضامین میں دلچسپی بڑھائیں تاکہ وہ اپنی قابلیت کو ماپ سکیں مگر ہمارے اساتذہ،معلم اور پروفیسرز بچوں کو صرف کتابی کیڑا بننے کی تلقین کرتے ہیں اور امتحان میں ورق کالے کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اس کے برعکس ترقی یافتہ ممالک میں قطعاً یوں نہیں ہوتا۔ وہ بچوں کو غور و فکر کی طرف راغب کرتے ہیں تاکہ عملی زندگی میں درپیش مسائل کو فہم و فراست سے سلجھا سکیں۔ (ہشام عظمت شامی،بوریوالہ)