اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،وقائع نگار)فرشتہ زیادتی و قتل کیس میں مزید انکشافات سامنے آگئے ، پولیس نے جیو فینسنگ رپورٹ مرتب کرلی ۔ رپورٹ کے مطابق فرشتہ کیس میں تقریباً 15لاکھ فون کالز کی نگرانی ہوئی، ماہرین جائزہ لے رہے ہیں، اب بھی مزید 1587 مشکوک فون نمبرز کی تفتیش جاری ہے ، مرکزی ملزم اور 6 مشکوک افراد کے علاوہ 50 افراد سے پوچھ گچھ ہوئی۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اہم شواہد اس وقت بھی فرانزک لیبارٹری میں تحقیق سے گزر رہے ہیں، جوڈیشل کمیشن انکوائری رپورٹ 28 مئی کو مرتب کرے گا۔وفاقی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل آ ف پولیس اسلام آباد کے حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز نے بڑ ے پیما نے پر تفتیش کے آغاز میں 2 ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا جس کی معاونت پرسی ٹی ایف ، سی آئی اے ، سپیشل بر انچ اور ہو می سائیڈ یو نٹ مل کر کا م کر رہے ہیں، تما م افراد کو ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔ مقتولہ فرشتہ کے ارد گر د رہائشی افراد کے وسیع پیما نے پر ڈی این اے سیمپلنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ پی ایف ایس اے پنجا ب کی سپیشل ٹیم اسلام آباد پولیس کو مدد فراہم کر رہی ہے ، اب تک تقریبا 200کے قریب مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی جس میں ننھی فرشتہ قتل کیس کی تفتیش کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ معصوم فرشتہ کے کیس کی جوڈیشل انکوائری کا آغاز کردیا۔سپیکر نے کہاکہ قتل میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے ، انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹ کو برداشت نہیں کروں گا، جوڈیشل انکوائری مکمل ہونے تک متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہوں۔