لاہور ( این این آئی) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ حکومت فرنیچر کی صنعت کو مراعات فراہم کرے توسالانہ 1 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی ہاتھ سے تیار کردہ فرنیچر مصنوعات دوسرے ملکوں کو برآمد کی جاسکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میاں محمد کاشف اشفاق نے حکومت سے کہا کہ وہ اس شعبے کی ترقی کے لیے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کرائے تاکہ مقامی طور پر تیار کردہ فرنیچر مصنوعات کوزیادہ سے زیادہ برآمد کے قابل بنایا جاسکے ،ملکی معیشت میں بہتری کے آثار ہیں اور اگر فرنیچر کے شعبے کو ٹیکس فری کردیا جائے تو اس سے ملکی معیشت کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا اور زیادہ پیداوار سے ملکی اقتصادی شرح نمو میں بہتری آئے گی۔میاں محمد کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر کے شعبے میں ترقی کے بے شمار مواقع ہیں،مصنوعات کی برآمد میں اضافے کے لیے فوری طور پر نئی بین الاقوامی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ ۔