لاہور،ملتان(کامرس رپورٹر،سپیشل رپورٹر ، ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں 27512پرائمری اور ایلیمنٹری سکول 50 ارب روپے کی لاگت سے اپ گریڈکئے جائیں گے ۔ پہلے فیزکا آغاز یکم اگست سے ہوگا ۔40 لاکھ طلبہ مستفید ہوں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم تک رسائی تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے ۔ فروغ تعلیم کے لئے تمام تر کاوشیں جاری رکھیں گے ۔یکم اگست سے سکول اپ گریڈیشن کے پہلے فیزمیں 17 ارب روپے کی لاگت سے تقریبا 21 ہزار پرائمری سکول ایلیمنٹری لیول پر اپ گریڈکئے جائیں گے ۔ دوسرے فیزمیں6653 ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی سکول لیول اپ گریڈ کیاجائے گا ۔طے شدہ طریقہ کار کے مطابق طلبہ کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ پرائمری سکولوں میں ایلیمنٹری اورایلیمنٹری سکولوں میں سکینڈ شفٹ میں سکینڈری کلاسز ہوں گی ۔سول سٹرکچر تبدیل کرنے کے بجائے صرف اساتذہ اورسٹاف کواعزازیہ کی مد میں ادائیگی کی جائے گی۔ ایلیمنٹری سکولوں میں نہم اور دہم کلاس کیلئے 6653 کمپیوٹر اور سائنس لیب قائم کی جائیں گی ۔ سکولوں کی اپ گریڈیشن کا روایتی طریقہ کار اختیار کرتے تو 295 ارب روپے درکار تھے موجودہ پراجیکٹ سے 245 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اورنج لائن میٹرو ٹرین کو 30 ارب روپے کی سبسڈی نہ دینا ہوتی تو میں ہائی سے ہائر سکینڈری سکول اپ گریڈیشن منصوبے کا آج ہی اعلان کردیتا ۔اساتذہ سے بچوں کے داخلوں کی ذمہ داری واپس لے لی گئی ہے اب ایجوکیشن آفیسر اورسکول کونسل یہ کام کرے گی ۔ ایک کروڑ6 لاکھ طلباء سے ب فارم کا ریکارڈ حاصل کیاجاچکا ہے ۔ لاہور کے 100 سرکاری سکولوں میں مخیر حضرات کے تعاون سے لنچ فراہم کیاجارہاہے ۔ مزید پانچ اضلاع میں طلباء کو لنچ فراہم کرنے کا جائزہ لیاجار ہاہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے چیف وہپ قومی اسمبلی ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا کریڈٹ ہے ۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مزید مضبوط اور بااختیار بنایا جا رہا ہے ۔ جنوبی پنجاب میں مستقل ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کیا جائے گا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ملتان کے نجی ہسپتال میں غلط سرجری کے باعث بعض مریضوں کے بینائی سے محروم ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔اس سلسلہ میں کمشنر جاوید اختر محمود نے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ترجمان کمشنر افس کے مطابق انکوائری کمیٹی 24 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کروانے کی پابند ہوگی۔ ضلعی ہیلتھ افسر میڈیکل سروسز انکوائری کمیٹی کے کنوئیر مقرر کئے گئے جبکہ ضلعی سرویلنس کوآرڈینیٹر، ڈی ڈی ایچ او ہیڈ کوارٹر ،ڈرگ کنٹرولر عبدالطیف، ڈاکٹر ارم ماہر امراض چشم کمیٹی کے ممبران ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ کے علاقے شہاب پورہ کے قریب ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے اور خلاف وزری کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔