لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اینکرپرسن اور تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے فروغ نسیم کو وزارت قانون دے کر عمران خان نے ثابت کردیا پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں ہوگا کیونکہ فروغ نسیم عمران خان کے وکیل ہیں، شیریں مزاری اور شفقت محمود کی وزارتیں صوبائی لیول کی ہیں، فہمیدہ مرزا والی وزارت ایسے شخص کو دیتے جو صوبے اور وفاق میں کوآرڈی نیشن پیدا کرسکے ۔پروگرام بریکنگ ویو زود مالک میں میزبان محمد مالک سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مراد سعید کو یوتھ کا وزیر بنانا چاہئے تھا،عثمان بزدار پر مقدمے کی خبر پر عمران خان نے ٹویٹ کیا میں نے انہیں خود جانچا ہے ، مطلب عمران خان عثمان بزدار کو خو د چلائینگے ،بزدار کی بیک گراؤنڈ نئے پاکستان والی نہیں،اس سے جنوبی و مرکزی پنجاب کے پی ٹی آئی کے پرانے ورکرز میں بے چینی ہے جو طوفان بن سکتی ہے ،لگتانہیں آرہاوہ پانچ سال وزیر اعلیٰ رہ پائیں گے ،انہیں پہلے دن ہی پریس کانفرنس کرکے خودکو کلیئر کرنا ہوگا ، نوازشریف نے کہا تین دن کیلئے لندن جاکر کلثوم کی خیریت دریافت کرنا چاہتا ہوں،دوست نے یہ بات آگے پہنچائی تو جواب ملا یہ صرف عدالت نے کرنا ہے ۔تجزیہ کار کاشف عباسی نے کہا تحریک انصاف کی وفاقی کابینہ صرف خانہ پری ہے ، اس میں نوجوانوں کی قیادت نظر نہیں آئی ،عثمان بزدار جہانگیر ترین کا حمایت یافتہ ہے اور ان کی کوشش ہے کمزور آدمی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنا کر پیچھے بیٹھ کر صوبے کو چلایا جائے ،کوئی جتنا بھی کمزور وزیر اعلیٰ ہو وہ اتنی مداخلت برداشت نہیں کرے گا جتنی وہ سوچ کر بیٹھے ہیں،لگتا ہے عثمان بزدار کو جہانگیر ترین ہی چلائینگے ، سب سے زیاد ہ امتحان عمران خان کا ہے جنہوں نے یہ لوگ چنے ہیں،لوگ حیران ہیں کابینہ میں تحریک انصاف کے نوجوان کہاں ہیں،علی زیدی کو کیوں نظر انداز کیا گیا۔