اسلام آباد،راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی،این این آئی،نیٹ نیوز) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر اضافی نفری کی تعیناتی کا بھارتی دعویٰ غلط قراردیدیا۔گزشتہ روزمسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان کے اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی اور چین کی جانب سے سکردو ایئر بیس استعمال کرنے سے متعلق بھارتی میڈیا کا جھوٹا پراپیگنڈہ مسترد کر دیا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے گلگت بلتستان میں ایل او سی پر اضافی فوج کی تعیناتی کی بھارتی میڈیا کی خبریں،جھوٹی بے بنیاد اور سچ سے کوسوں دور ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں چینی فوج کی موجودگی کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ چین سکردو میں کوئی پاکستانی ایئر بیس استعمال نہیں کر رہا۔سکردو ایئربیس چین کے استعمال کرنے کی رپورٹ حقیقت کے برعکس ہے ، اس طرح کی خبریں غیر ذمہ دارانہ اور من گھڑت ہیں۔ بھارتی میڈیا غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت سے ہٹ کر رپورٹنگ کر رہا ہے ۔