اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت سہولت فراہم کرتے ہوئے نواز شریف کوعلاج کی غرض سے بیرون ملک جانے دے ۔نواز شریف کی صحت پر دونوں اطراف سے سیاست نہ کی جائے جبکہ حکومت آصف زرداری کوبھی صحت کی تمام سہولیات فراہم کرے ۔قائد ایوان اور وزیرپارلیمانی امور اس سلسلے میں حکومت کو آگاہ کریں۔سینٹ اجلاس میں سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی زندگی کو خطرہ ہے ۔وہ باہرنہیں جانا چاہتے تھے لیکن میڈیکل بورڈ نے کہا کہ انہیں بیرون ملک ٹیسٹ، علاج کیلئے بھیجا جائے ۔2 ہائی کورٹس نے نواز شریف کو ضمانت دی۔تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ کسی شخص کو کہا جائے کہ ای سی ایل سی سے نام نکالنے کیلئے بانڈ جمع کرائیں۔قانون کی نئی تشریح کی جا رہی اور نئی روایت ڈالی جا رہی ہے ۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے غیر مشروط نکالا جائے ۔ شیری رحمن نے کہاکہ آصف زرداری کی صحت بہت خراب ہے تاہم ذاتی معالج کو رسائی نہیں دی جا رہی۔ رحمن ملک نے وزارت خزانہ کے افسران کی عدم موجودگی کی نشاندہی کی جس پر چیئرمین نے کہا کہ متعلقہ وزارتوں کے حکام ایوان میں موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ اپوزیشن نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے تحریک پر بحث میں حصہ لینے کا موقع نہ ملنے پر ایون سے واک آئوٹ کیا،چیئر مین کی ہدایت پر سینیٹر سجاد طوری اور فدا محمد خان اپوزیشن کو منا کر لائے ۔ بحث سمیٹتے ہوئے وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہاکہ بھارت پر کشمیر کے حوالے سے دبائو بڑھ رہا ہے ۔کافی کچھ ہوا ، کافی ہونا باقی ہے ۔انسانی قوانین کے معاملے کو اٹھائیں تو ہم بھارت کیخلاف جنگی جرائم کے مقدمے کی جانب جا سکتے ہیں،حکومت جنرل اسمبلی کے ذریعے آئی سی جے کی ایڈوائزری لے گی۔پرویز رشید نے کہاکہ ہم کرتار پور کے بدلے سرینگر والوں کو بھی مذہبی آزادی دینے کامطالبہ کرسکتے تھے لیکن ہم نے خوشنودی ، خوشامد اور جھک جانے کی خارجہ پالیسی اپنائی۔ پائلٹ بھی بغیر کوئی بات منوائے چھوڑ ا ، خطوط لکھے ، ٹیلیفون کئے اور جواب میں نہ بھی سنا مگر شرمندگی نہیں ہوئی ۔ رضا ربانی نے کہا کہ ریاست دہرا معیار اپناتی ہے ، مشرف کو باہر بھیجنے کیلئے تو کوئی بانڈ نہیں مانگا گیا ،ایک اور سابق صدر ہے جسے میڈیکل سہولیات نہیں دی جا رہی ،سابق وزیر اعظم سے سکیورٹی بانڈ مانگنا قانون کی خلاف ورزی ہے ،ہم فاشزم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اچیئرمین سینٹ نے سابق سینیٹر دلاور عباس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ سینیٹر مشتاق احمد نے دلاور عباس کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔