کراچی، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر ، لیڈی رپورٹر ) پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کے پاکستان کی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کے تحت بھارتی بحریہ کی آبدوزوں کو پاکستان کیخلاف تعینات کیا ہے ۔پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا بر وقت سراغ لگا کر اس کو پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔ پاکستان کی بحری حدود میں اس آبدوز کا سراغ پیر کے روز لگایا گیا۔ پاک بحریہ کیلئے اس آبدوزکو نشانہ بنا کر تباہ کرنا سہل تھا لیکن حکومت پاکستان کی امن پالیسی کو بالاتر رکھتے ہوئے ایسا کوئی اقدام نہیں کیاجو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے ۔ اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے ۔ترجمان کے مطابق یہ آبدوز بھارتی بحری بیڑے کی جدید ہائی ٹیک آبدوزوں میں سے ایک ہے ۔ اس آبدوز کیساتھ ساتھ بھارتی بحریہ کے تمام یونٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ پاک بحریہ بحری سرحدوں کے دفاع اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے کیلئے ہر لمحہ مستعد و تیارہے ۔پاک بحریہ کا پاکستان کے پانیوں میں کسی بھی بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔قبل ازیں 14 نومبر 2016 کو پاک بحریہ نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں بھارتی بحریہ کی آبدوز کا سراغ لگایا۔بی بی سی کے مطابق بحریہ کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس پر موجود ٹائم سٹیمپ کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شب ساڑھے آٹھ بجے کے قریب پیش آیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی نے بھارتی بحریہ کی آبدوز کا پاکستانی ساحل کے جنوب میں پتہ لگایا اور پاک بحریہ کی چوکس نگرانی نے سمندری محاذ پر کسی بھی مہم جوئی کیخلاف دفاع کا مظاہرہ کیا۔پاک بحریہ نے ثابت کیاوہ سمندری حدودمیں کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔ پاک فضائیہ بھی چوکس اور تیار ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال قدرے بہتررہی۔ بھارتی فوج نے تتا پانی سیکٹر میں شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاؤں دارا شیر خان کا26سالہ شرافت زخمی ہوگیا۔ پاک فوج نے فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کومؤثر جواب دیا۔ادھر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے ایک اور بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اور اسے پاکستانی حدود سے واپس بھیج کر بھارتی جنگی جنون کو بے نقاب کیا ۔ انہوں نے بھارتی دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت پر جنگی جنون طاری ہو چکا لیکن مودی حکومت جان لے پوری پاکستانی قوم متحد ہے ۔ مودی کا جنگی جنون اور پاگل پن بھارت کیلئے خودکشی ثابت ہو گا۔افواج پاکستان کا کردارمثالی ہے اور پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے ۔