منڈی بہاؤالدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ائیر وائس مارشل نور عباس نے کہا ہے پاک فضائیہ ملک کے دفاع کیلئے سینہ سپر ہے اور کسی کو میلی نگاہ سے نہیں دیکھنے دیں گے ،ملکوال ہائی سکول میں ایف سیون طیارہ کے ماڈل کی تنصیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر وائس مارشل کا کہنا تھا کہ میں آج جس مقام پر ہوں اس میں میرے اساتذہ اور والدین کی دعائیں شامل ہیں، میں نے اس سکول میں 1971 سے 1977 تک تعلیم حاصل کی اور یہاں اس ایف سیون طیارہ کا ماڈل رکھا گیا ہے جس پر میں نے پہلی اڑان لی تھی ۔ اچھے اساتذہ بہترین نوجوان نسل کے معمار ہوا کرتے ہیں ہمیں تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔، پاکستان ائیر فورس کے پی کے کے بعد اب ملک بھر میں سکول کھول رہی ہے تاکہ حکومت کے تعلیم کو فروغ دینے کے مشن کی تکمیل ہوسکے ۔انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی ،خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور تعلیم کی شمع کو روشن کریں کیونکہ یہ واحد راستہ ہے جو پاکستان کو مضبوط ، مستحکم کر سکتا ہے ۔تقریب سے پی اے ایف کے محمد جاوید منشائ، ممبر صوبائی اسمبلی محمد بلال مغل، اے جی ایس میانوالی پرنسپل حفیظ احمد گوندل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سکائوٹس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی، ائیروائس مارشل نے طیارہ کی تنصیب کا افتتاح کیا اور اپنے دور کے اساتذہ اور کلاس فیلو سے ملاقات کی۔