کراچی(سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستارنے کہا ہے اگرمولانا فضل الرحمٰن والی بات ہم کہتے تو را ایجنٹ کی مہرلگ جاتی،جے یوآئی کے امیرخوش قسمت ہیں کہ انہیں راکاایجنٹ نہیں کہاگیا،حکومت سازی کے لیے پیپلزپارٹی سے رابطہ ہے تاہم کوئی باقاعدہ بیٹھک یا مکالمہ نہیں ہوا پیپلزپارٹی کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن کی خواہش رہی ہے ، گزشتہ 10 برسوں میں بے پناہ کرپشن بھی دیکھنے میں آئی، پی پی کے سابق وزراء کے خلاف کرپشن کے 180 مقدمات روک دیئے گئے ہیں۔کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایک بار حلقہ 243 خالی تو ہونے دو، بس اسی حلقہ سے سارا فرق صاف ظاہرہو جائے گا،یہ سویا ہوا الیکشن تھا،آر ٹی ایس بھی7 بجے کے بعد سو گیا تھا،آر ٹی ایس نامی ایپلی کیشن الیکشن نتائج کے لیے تیار کی گئی تھی جس کے ذریعے ریٹرننگ افسران کو پولنگ سٹیشن کے نتائج بروقت الیکشن کمیشن کو بھیجنا تھے تاہم بعد میں آنے والی الگ الگ رپورٹس میں کہا گیا کہ آر ٹی ایس نظام فیل ہوگیا تھا،یا انتخابی عملے کو اسے استعمال کرنے کا کہا ہی نہیں گیا تھا۔